وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے فوکل پرسن برائے اقلیتی اُمورجناب وزیر زادہ صاحب کی سیکرٹری اوقاف، حج اور مذہبی اقلیتی اُمور جناب عادل صدیق سے اہم ملاقات ہوئی جس میں اقلیتی برادری کے مختلف مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ سیکرٹری اوقاف واقلیتی اُمور جناب عادل صدیق نے بتایا کہ محکمہ اوقاف نے اقلیتی طلباء کے لئے سکالرشپ کا کیس محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور محکمہ فنانس کے ساتھ اٹھایا ہے تاکہ اقلیتی طلباء کو تعلیمی میدان میں مالی مدد فراہم کی جا سکے۔ اس کے علاوہ کلاش کمیونٹی کے لئے اینڈومنٹ فنڈ کے قیام اور بیواؤں و یتیموں کے لئے گرانٹس کی فراہمی پر بھی گفتگو کی گئی۔ ان اقدامات کا مقصد اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود اور معاشی استحکام ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔
ملاقات میں اقلیتی برادری کو درپیش دیگر اہم مسائل پر بھی بات کی گئی، جن میں معاشی ترقی اور ملازمتوں میں برابری شامل ہیں۔ سیکرٹری اوقاف نے اس بات کا ذکر کیا کہ حکومت خیبر پختونخوااقلیتوں کے مسائل کے حل کے لئے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور مستقبل قریب میں ان پر مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کی حفاظت اور ان کی فلاح کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے، جس سے پورے صوبے میں سماجی ہم آہنگی اور ترقی کو فروغ ملے گا۔